اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

19 سے 23 جولائی تک موسلا دھار بارشوں کا الرٹ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کا الرٹ کردیا گیا ، جس میں پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے 19 سے 23 جولائی کے دوران پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر وسطی و بالائی اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب میں 20 سے 24 جولائی کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ، جبکہ ندی نالوں اور نالہ لئی میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی 18 سے 25 جولائی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہے گی، تاہم چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ، جبکہ پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کا بھی اظہار کیا ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی جاری کردہ احتیاطی ہدایات پر عمل کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں