منگل, اگست 11, 2026
اشتہار

شہری ہوشیار! معروف اینٹی بائیوٹک اور ہومیوپیتھک گولیوں سمیت 12 ادویات کا استعمال فوری بند کردیں

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پنجاب میں 12 ادویات اور طبی مصنوعات کے مختلف بیچز کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا، شہری متعلقہ ادویات کے متعلقہ بیچز کا استعمال فوری بند کردیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں جعلی اور غیر معیاری 12 ادویات پکڑی گئیں، جس کے بعد محکمہ صحت نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا۔

ڈرگ ٹیسٹنگ کی رپورٹ میں بتایا گیا مارکیٹ میں کثرت سے استعمال ہونے والی معروف اینٹی بائیوٹک دوا ‘ایزومیکس’ لیبارٹری ٹیسٹ میں سرے سے جعلی ثابت ہوئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی پیٹ کے امراض کے لیے استعمال ہونے والی دوا ‘زوپینٹ’ بھی جعلی نکلی ہے۔

محکمہ صحت نے ان دونوں ادویات کے مخصوص بیچز) کو مارکیٹ سے فوری طور پر واپس منگوانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

الرجی کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی 5 مختلف کمپنیوں کی ادویات کو غیر معیاری قرار دیا گیا جبکہ خون کی کمی کا شکار مریضوں کو لگایا جانے والا اہم انجکشن بھی ٹیسٹ کے دوران غیر معیاری پایا گیا۔

ہومیوپیتھک گولیوں ‘بیلاڈونا’ میں خطرناک حد تک ‘اسٹرائیڈ’ کی موجودگی کا انکشاف ہوا جبکہ مشہور فیس وائٹننگ کریم ‘ڈرموٹین’ میں بھی ملاوٹ ثابت ہو چکی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے ان تمام 12 ادویات اور بیوٹی پروڈکٹ کے مخصوص بیچز کے استعمال پر فوری اور مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

صوبے بھر کے تمام ڈاکٹرز، طبی ماہرین، ہسپتالوں اور میڈیکل اسٹورز کو ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ ان ادویات کی فروخت اور نسخوں میں لکھنا فوری طور پر روک دیا جائے۔

حکومت نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے صوبے بھر کے ڈرگ انسپکٹرز کو فوری متحرک ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

تمام ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مارکیٹ، میڈیکل اسٹورز اور ہول سیل گوداموں پر چھاپے مار کر ان جعلی اور غیر معیاری ادویات کے اسٹاک کو فوری طور پر ضبط کریں اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اہم ترین

حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں

مزید خبریں