منگل, نومبر 12, 2024
اشتہار

علی امین گنڈا پور سے رابطہ ختم ہو چکا، عمر ایوب

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے بتایا ہے کہ ہمارا وزیراعلیٰ کے پی علی امین خان گنڈا پور سے رابطہ ختم ہو چکا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ وفاقی حکومت نے علی امین گنڈا پورکو بات چیت کیلئے چائے پر بلایا تھا پھر وہیں روک لیا۔

عمرایوب کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور سے رابطے کی ہر ممکن کوششیں کی گئیں لیکن تاحال کوئی رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔

- Advertisement -

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق وزیراعلیٰ کے سیکیورٹی عملے کا بھی کچھ پتا نہیں چل رہا ان کے فون بھی بند آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کا یہ حال ہے کہ ہمارے پارٹی چیئرمین اور ایم این ایز گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

ایکس پیغام میں انہوں نے بتایا کہ کچھ ایم این ایز پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر حفاظتی انتظامات لے کر موجود ہیں اور پارلیمنٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔

عمرایوب کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے قائد حزب اختلاف اور پارلیمانی لیڈر کے خلاف جعلی ایف آئی آر درج کی جا رہی ہیں۔

قبل ازیں ذرائع کے حوالے سے میڈیا پر یہ خبر زیر گردش ہے کہ علی امین گنڈاپور اسلام آباد میں موجود ہیں اور ان کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور شام 7بجے پشاور سے اسلام آباد پہنچے، پروٹوکول اسٹاف نے وزیر اعلیٰ کو کے پی ہاؤس سے باہر نکلنے سے منع کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کو گرفتار کرلیا، اس سے قبل شیر افضل مروت اورشعیب شاہین کو بھی گرفتارکیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری ان سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک عشائیہ میں شرکت کے لیے روانہ ہوا تو خیبرپختونخوا ہاؤس والا روٹ استعمال کیا چونکہ بلوچستان ہاؤس اور کے پی ہاؤس کا راستہ ایک ہی ہے تو یہ کہہ دیا گیا کہ میری علی امین سے ملاقات ہوئی جس کی تردید کرتا ہوں۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں