پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت قربان کی ہے لیکن غلامی قبول نہیں کی، روس صرف بہانہ ہے عمران خان نشانہ ہے۔
گزشتہ رات قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھےخوشی ہے میں اس عمران خان کےساتھ کھڑا ہوں۔
علی محمدخان نے کہا کہ آج میری پارلیمانی امور کی ڈیوٹی تمام ہوئی، آج آپ کے چہروں پرخوشی ہے اللہ آپ کو خوش رکھے، تاریخ ایک سوال چھوڑے جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے قائد کو مولانا فضل الرحمان یہودی اورامریکی ایجنٹ کہتے تھے، یہ کیسا ایجنٹ تھاجس کو ہٹانے کیلئے امریکا نےایڑی چوٹی کا زور لگالیا۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم سب مسلمان ہیں اورہماری تاریخ بھری پڑی ہے، ہم سب نے امام حسین کے نقش قدم پر چلنا ہے۔
آپ کے دل کی تمنا تھی کہ عمران خان کی حکومت ختم ہو، اس کرسی پر میرا لیڈرعمران خان عوام کی اکثریت سے پھرآئے گا، ہم اللہ سے معافی مانگنے والے ہیں امریکا سے نہیں۔
بلاول صاحب آپ کے نانا نےاسلام آباد میں اسلامی امہ کو ایک بار اکٹھا کیا، میرے لیڈر نے اسلام آباد میں2بار اکٹھا کیا۔
عمران خان نے ختم نبوت کی بات کی، مسلم بلاک کی بات کی یہی ان کا گناہ ہے، پاکستانی عوام کو کہتا ہوں روس صرف بہانہ ہےعمران خان نشانہ ہے،
عمران خان نے مغربی سامراج کے سامنےکھڑے ہوکر کہا ایبسلوٹلی ناٹ، کہا گیا عمران خان کی حکومت گرگئی تو پاکستان کومعاف کردیں گے،آج آپ جیتے ہیں آپ کو یہ کامیابی مبارک ہو۔
مجھے فخر ہے میرا لیڈرکھڑارہا، جھکا نہیں بکا نہیں اور آخری بال تک کھڑا رہا، عمران خان جلد عوام کی طاقت سے پھر اسی کرسی پر بیٹھیں گے، عمران خان جلد دوتہائی اکثریت سے دوبارہ اسمبلی میں آئیں گے،
آج بھی پاکستان میں ایسے لوگ ہیں جو سامراج کا سامنا پوری جرات اور بہادری سے کرتے ہیں اور جو امریکا اور یہودیوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں۔