The news is by your side.

Advertisement

مریم نواز جو چاہ رہی ہیں کابینہ اس کی حمایت ہرگز نہیں کرے گی، علی محمد خان

اسلام آباد : وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ مریم نواز جو چاہ رہی ہیں کابینہ اس کی حمایت ہرگز نہیں کرے گی، ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں لیکن ریاست کی نظر میں سب برابر ہیں۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ملک کے سب بچے بلاول اور سب بیٹیاں مریم نواز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نوازکی والدہ فوت ہو گئی ہیں اوراُن کےوالد بھی بیمار ہیں، کسی بھی بیٹی کا اپنے والد سے پیار ہماری مشرقی روایت کا حصہ ہے لیکن جو مریم بی بی چاہ رہی ہیں کابینہ اس کی حمایت نہیں کرے گی۔

علی محمد خان نے کہا کہ حکومت عدالت کے ہر فیصلے پر من و عن عمل کرے گی ہمارے لئے پاکستان کی تمام خواتین برابر ہیں اگر ہم امتیازی سلوک کریں گے تو ہم دوسرے لوگوں کو کیا جواب دیں گے؟ ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدالت سے اجازت لے کر بیرون ملک علاج کیلئے گئے ہیں، اگر اُنہیں باہر علاج کے لئے مزید مدت چاہیے تو وہ عدالت سے ہی رجوع کرسکتے ہیں، اگرعدالت کی طرف سے اُنہیں اجازت ملتی ہے تو ٹھیک اگراجازت نہیں ملتی تواُنہیں چاہئے کہ وطن واپس آکر اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں