خیبر ایجنسی : بائیں ٹانگ سے محروم علی شیر آفریدی معذوروں کی قومی کرکٹ ٹیم کے اب تک کے سب سے تیز رفتار ترین بالر ہیں جو فاسٹ بولر شعیب اختر سے متاثر ہیں اور انہی کی طرح باولنگ کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والی علی شیر آفریدی دوسال کی عمر میں ایک حادثے کی وجہ سے اپنی بائیں ٹانگ سے محروم ہوگئے تھے لیکن اس نے اپنے عزم اور ہمت کو کمزور نہیں پڑنے دیا اور آج معذوروں کی قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ہیں جو شعیب اختر کی طرح باولنگ کرتے ہیں۔
علی شیر آفریدی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں لڑکوں کو کرکٹ کھیلتے دیکھتا تھا تو دل میں کواہش پید اہوتی تھی کہ میں بھی کرکٹ کھیلوں پھر شعیب اختر کو باؤلنگ کرتے دیکھا تو دل میں ٹھان لیا کہ کچھ ہوجائے ایسا باؤلر بننا ہے جس کے لیے کافی محنت کی۔
علی شیر آفریدی نے کہا کہ اگر دل میں لگن ہو تو ہر چیز ممکن ہے جس کی زندہ مثال یہ ہے کہ میں نے نہ صرف یہ کہ کرکٹ کھیلی بلکہ معذوروں کی قومی ٹیم کا حصہ بنا اور 132 کی اسپیڈ سے باؤلنگ کر کے معذور باؤلرز میں سب تیز رفتار باؤلر بن گیا۔
پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور یہ سرزمین حوصلہ مند اور بہادر لوگوں سے بھری پڑی ہے جس کی ایک مثال علی شیر آفریدی ہیں جو بائیں ٹانگ سے معذوری کے باوجود قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی طرح باؤلنگ کرتے ہیں اور انہی کے ایکشن کو اپناتے ہوئے مخالف بلے بازوں کی وکٹیں گراتے ہیں۔