عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ’علی بابا‘ کو ایس ای سی پی نے لائسنس جاری کردیا ہے۔
ایس ای سی پی نے علی بابا کمپنی کو ٹیک کونان بینکنگ فنانس کمپنی کا لائسنس جاری کردیا ہے، کوکوٹیک پاکستان میں بائے ناؤ، پے لیٹر کی جدید خدمات فراہم کرے گی۔
پاکستانی صارفین اب ای کامرس مارکیٹ سے آسان قسطوں پر اشیا کی خریداری کرسکیں گے جبکہ علی بابا گروپ منصوبے کے ذریعے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرے گا۔
چیئرمین ایس ای سی پی کبیر سدھو نے کہا کہ بڑی صارف مارکیٹ اور ڈیجیٹل عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہے، پاکستان میں مالیاتی خدمات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
یہ پڑھیں: وزیراعظم سے علی بابا گروپ کے وفد کی ملاقات، ای کامرس کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نوجوانوں، فری لانسرز اور چھوٹے کاروباروں کے لیے رسائی بہتر ہوگی، علی بابا جیسے گروپ کی شمولیت سے پاکستانی مارکیٹ میں جدت آئے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں وزیراعظم شہباز شریف سے بین الاقوامی ای کامرس کمپنی علی بابا گروپ کے 6 رکنی وفد نے ملاقات کی تھی۔
شہباز شریف نے ای کامرس کو مزید فروغ دینے کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ علی بابا گروپ جیسے پلیٹ فارمز پر اس وقت تین لاکھ سے زائد پاکستانی مصنوعات فروخت کررہے ہیں، ای کامرس پلیٹ فارمز پر مصنوعات فروخت کرنے والے پاکستانیوں کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


