اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے 25 فیصد ٹیکس ادا کردیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریوینیو(ایف بی آر) کے چیئرمین جہانزیب خان نے کہا ہے کہ علیمہ خان نے پچیس فیصد ٹیکس ادا کردیا اور باقی ٹیکس قسطوں میں ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان نے دیگر ٹیکس دینے والوں کی طرح سہولت دینے کی درخواست کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ باقی مرحلے قانون کے مطابق طے ہوں گے اور ریکوری قوانین کے مطابق ہوگی۔
علیمہ خان اور جہانگیر ترین سمیت ہر کسی کے ساتھ قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا، حماد اظہر
قبل ازیں وزیر مملکت برائے ریوینیو حماد اظہر نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ نہ تو این آر او کے حق میں ہیں اور نہ ہی دیا جائے گا، جو بھی ٹیکس پالیسی ہوگی سب کے لیے برابر ہوگی، علیمہ خان اور جہانگیر ترین سمیت ہر کسی کے ساتھ قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا۔
لاہور میں انٹرنیشنل کانفرنس آن ٹیکسیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات لارہےہیں، ماضی کی طرح ٹیکس پالیسی کو تاجروں کا گلا گھونٹنے کے لئے استعمال نہیں کریں گے۔