شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے کاسمیٹک سرجری کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل میرا دل میرا دشمن اور تقدیر میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ علیزے شاہ نے اپنی کاسمیٹک سرجری کی خبروں پر وضاحت پیش کردی۔
علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ان پر سرجری کے الزامات لگانے والے لوگ ہی ان سے نجی پیغامات میں آکر پوچھتے ہیں کہ ان کا چہرہ کیسے پتلا ہوا اور وہ اتنی پتلی کیسے ہوئیں؟
انہوں نے کسی کا نام لکھے بغیر طنزیہ انداز میں لکھا کہ جو ان کی طرح دکھ نہیں سکتے یا ان جیسا ہو نہیں سکتے تو یہ ان کی اپنی غلطی ہے، اداکارہ کی نہیں۔
علیزے شاہ نے لکھا کہ خوبصورت لڑکیوں پر سرجریز کرانے کے الزامات لگانے کا جنون صرف قابلِ رحم ہے۔
انہوں نے سرجریز کے الزامات لگانے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ سچ بولا کریں، صرف وہ لوگ ہی دوسروں کا نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں جو خود اندر سے بدصورت ہوتے ہیں، اس لیے سچ بولا کریں، کسی پر الزامات نہ لگایا کریں۔
علیزے شاہ پہلے بھی خود پر پلاسٹک سرجریز کے الزامات مسترد کر چکی ہیں اور دعویٰ کر چکی ہیں کہ ان کی خوبصورتی قدرتی ہے۔
مئی 2025 میں انہوں نے ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ خدا کے واسطے انہیں معاف کردیا جائے، انہوں نے کوئی کاسمیٹک سرجری نہیں کروائی، انہیں اکیلا چھوڑا جائے، انہوں نے صرف کچھ وزن کم کیا ہے جس کی وجہ سے ان کی شکل تھوڑی بدلی ہوئی لگتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



