لاہور : آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن نے بھارت میں انتہا پسندوں کے سامنے آواز بلند کرنیوالی لڑکی مسکان کیلئے اسکالر شپ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں انتہا پسندوں کے سامنے آواز بلند کرنیوالی لڑکی کیلئے اسکالرشپ کا اعلان کردیا گیا ، آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن کے صدر نے مسکان کیلئے تعلیمی کفالت اسکالرشپ کا اعلان کیا۔
صدرکاشف مرزا نے کہا مسلم طالبات کوحجاب کی آڑ میں تعلیم سےمحروم کرناجرم ہے، مسلم طالبات کوپسماندہ رکھنےکی یہ کوشش روکی جانی چاہیے۔
یاد رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں کالج میں طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کی گئی جس پر ایک مسلم لڑکی مسکان حجاب پہنے موٹر سائیکل پر کالج پہنچی اور ہندو انتہا پسندوں کے سامنے اللہ اکبر کے نعرے لگا ئے تھے۔
مشتعل ہجوم کے آگے نعرہ تکبیر کی صدا بلند کرنے والی مسکان کی دیدہ دلیری نے انہیں دنیا بھر میں ایک نئی پہنچان دے دی ہے اور دنیا کے ہر گوشے میں جہاں مسلمان بستے ہیں دل کھول کے مسکان کی ہمت کی داد دے رہے ہیں۔