بہاولپور :بہاولپور کور کے زیر اہتمام دوسری آل پاکستان ٹرائی تھلون 16 اکتوبر کو منعقد ہوگی، ایونٹ میں 18سے 45 عمر کے افراد شرکت کرسکیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی آیس پی آر کے مطابق دوسری آل پاکستان ٹرائی تھلون کا میلہ بہاولپور میں 16اکتوبر کو سجایا جائے گا۔
بہاولپور کور کے زیراہتمام ایونٹ میں 18سے 45 عمر کے افراد شرکت کرسکیں گے جن میں ارکان سول سوسائٹی، اساتذہ، طلباء، سرکاری ملازمین، پولیس، پاک فوج اور رینجرزکے اہلکار شامل ہوں گے۔
یہ مقابلے 3 مراحل میں منعقد کئے جائیں گے جن میں 300میٹر سوئمنگ، 20 کلومیٹر سائیکلنگ اور 10 کلومیٹر پیدل بھاگنا شامل ہے، ایونٹ کے شرکاء کو تینوں مراحل طے شدہ وقت میں مکمل کرنے ہوں گے۔
آئی آیس پی آر کے مطابق ہر مرحلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ ٹرائی تھلون کا مقصد معاشرے میں کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں کوفروغ دینا اور نوجوانوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔