ملتان : چیئر مین علماء کونسل علامہ طاہراشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل آپریشن ردالفساد کی حمایت کا اعلان کرتی ہے اگر حکومت نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کرواتی تو دوبارہ دہشت گردی کے واقعات نہ ہوتے۔
ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجود دیگر طاقتیں اور ایجنسیاں پاکستان میں حالات خراب کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان سے امن کی بات کرتے ہیں تو وہ دھماکے کر دیتے ہیں اور ایسا یوں ہو رہا ہے کہ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر اس کے روح کے مطابق عمل در آمد نہیں کیا۔
اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر فوجی عدالتیں بحال کی جائیں اور پارلیمنٹ میں عدالتی اصلاحات پر کام کیا جائے ورنہ خاکم بدہن دہشت گردی کا عفریت دوبارہ منہ اُٹھا لےگا۔
علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے مدارس کے خلاف شواہد دے جہاں دہشت گرد پلتے ہیں تو علماء کونسل خود ان مدارس کو تالا لگالے گی کیوں کہ مدارس علم و آگہی کے مرکز ہیں اس لیے تمام مساجد اور مدارس کو ایک ہی لاٹھی سے نہ ہانکا جائے۔
مولانہ طاہر اشرفی نے اعلان کیا کہ 12 اپریل کو اسلام آباد میں دوسری علمی امن پیغام کانفرنس ہوگی جس سے علمائے مشائخ اور علمی شخصیات خطاب فرمائیں گی۔