لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 20 اگست کو 150 شہروں میں دھرنے دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے احتجاج روکنے کی اپیل مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں آزادی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کا اقتدار پاکستان کیلئے خطرہ ہے۔
لاہور میں آزادی کنونشن سے خطاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے فوج کے کامبنگ آپریشن کو سراہتے ہوئے پنجاب کو دہشت گردی کا مرکز قراردے دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب دہشت گردی کا مرکز اور وزیرستان کا خالق ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر پنجاب کے ہر شہر میں کامبنگ آپریشن کیا جائے۔ جب تک ہم کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ ختم نہیں کر تے اس وقت تک پاکستان میں انصاف کا راج ہوسکتا ہے اور نہ ہی قانون کی حکمرانی ہو سکتی ہے۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ 20۔ اگست کی تحریک قصاص درحقیقت تحریک سالمیت پاکستان ہے، تحریک قصاص کو روکنے کے لئے وزیر اعظم منت سماجت پر اتر آئے ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کرنے پر فوج نے حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کو ملک سے فرار ہونے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے ایک بار پھر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف دلانے کا مطالبہ بھی کیا۔