کراچی : لڑکی کے مبینہ اغوا کے کیس میں ملزم ظہیر نے مغویہ سے ملنے اور بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی میں کم عمر لڑکی کے مبینہ اغوا اور لاہور جا کر پسند کی شادی کرنے کے کیس میں مرکزی ملزم ظہیر کی جانب سے لڑکی سے ملنے اور بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے چالان کے ہمراہ تمام ریکارڈ سیشن عدالت کو بھیج دیا تھا ، درخواستوں پر سماعت اب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں ہوگی۔
فاضل جج کے رخصت کے باعث درخواستوں کی سماعت نہ ہو سکی ، فریقین کے وکلا کی مشاورت سے آئندہ سماعت مقرر کی جائے گی۔
یاد رہے سندھ ہائی کورٹ نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے مبینہ اغوا کیس میں ملزم ظہیر کی مقدمہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔
عدالت نے کہا تھا کہ مقدمہ کاچالان جمع ہوچکا ہے فریقین ٹرائل کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں، ٹرائل شروع ہونے کے بعد مقدمہ ختم کرنے کی درخواست قابل سماعت نہیں۔