The news is by your side.

Advertisement

کراچی، شاپنگ مال کے قریب سے مبینہ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ، دستی بم برآمد

کراچی: شہر قائد کے علاقے شارع فیصل میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیا، ملزم کو مشکوک حالت میں شاپنگ مال کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا گیا ہے، ملزم واردات کی نیت سے مشکوک حالت میں گھوم رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم دہشت گرد گروپ سے تعلق رکھتا ہے، جو بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے، گرفتار ملزم کی شناخت سمیر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم کا کرمنل ریکارڈ اور برآمد اسلحہ فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

ادھر نیو کراچی میں بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کو نیو کراچی سیکٹر الیون ایل سے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے گرفتار کیا، گروہ کا ایک کارندہ بینکوں میں رقم نکالنے والے افراعد کی ریکی کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نقدی لوٹنے کے ساتھ موٹر سائیکلیں چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں 10 وارداتوں میں لاکھوں روپے لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں