پشاور: نجی اسکولوں میں سرکاری ملازمین کے بچوں کے لیے 2 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی سفارش کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے خیبر پختونخوا کے نجی تعلیمی اداروں میں ولیج اور نیبرہڈ کونسل کے ملازمین کے بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی رعایت کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ایک باضابطہ مراسلہ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ کو ارسال کیا گیا ہے۔
مراسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ نجی اسکولوں میں لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کے بچوں کے لیے 2 فیصد نشستیں مختص کی جائیں۔
ولیج اور نیبرہڈ کونسل کے سیکریٹریز کے بچوں کے لیے مفت یا انتہائی رعایتی تعلیم کی سفارش کی گئی ہے تاکہ ان کی مالی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔
ایل جی آر ڈی حکام کو بھیجے گئے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کم تنخواہ اور محدود وسائل کی وجہ سے ملازمین کو اپنے بچوں کو معیاری نجی اسکولوں میں پڑھانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
اس اقدام کے لیے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PDA) کے طرز پر کوٹہ مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ ملازمین کی فلاح و بہبود یقینی بنائی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ملازمین کی مالی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ ان کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔
مراسلے میں استدعا کی گئی ہے کہ اس تجویز پر فوری کارروائی کے لیے متعلقہ حکام سے مشاورت کی جائے تاکہ نجی اسکولوں میں کوٹے کے عمل کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


