ممبئی: ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے مقبول اداکار الو ارجن کے خلاف فلم ’پشپا 2‘ کے پریمیئر میں بھگدڑ مچنے سے خاتون کے ہلاک ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ خاتون کی ہلاکت کے خلاف مقدمے میں الو ارجن کے علاوہ دیگر بھی نامزد ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت 35 سالہ ریوتی کے نام سے ہوئی، ریوتی اپنے 13 سالہ بیٹے سریتیج ساتھ تھی جو خود بھی دم گھٹنے کا شکار رہا اور اب اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
پولیس نے مقتولہ کے اہل خانہ کی شکایت کی بنیاد پر چکڈ پلی پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 105 اور 118 (1) کے تحت الو ارجن، ان کی سکیورٹی ٹیم اور تھیٹر انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ذرائع کے مطابق جب الو ارجن کی جھلک دیکھنے کیلیے مداحوں کی بڑی تعداد سندھیا تھیٹر میں جمع ہوئی تو وہاں انتظامیہ کی طرف سے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے تھے اور نہ ہی اداکار اور فلم کے دیگر اراکین کی آمد کے بارے میں کوئی پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔
ارجن اپنی سکیورٹی کے ساتھ تھیٹر پہنچنے تھے جہاں بعد میں لوگوں کی بڑی تعداد نے سینما ہال میں داخل ہونے کی کوشش کی اور اس دوران بھگدڑ مچ گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ الو ارجن کی سکیورٹی ٹیم نے لوگوں کو دھکیلنا شروع کر دیا جس سے صورتحال مزید خراب ہوگئی کیونکہ تھیٹر میں پہلے سے ہی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔