کوئٹہ : مشیر اطلاعات بلوچستان بشریٰ رند نے اطہر متین کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کردی اور کہا یہ وہی شخص ہے جس نے اطہر متین پر گولی چلائی۔
تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات بلوچستان بشریٰ رند نے تصدیق کی ہے کہ صحافی اطہر متین کا مبینہ قاتل پکڑا گیا ہے، گرفتار ہونے والے ملزم نے ہی اطہر متین پر گولی چلائی تھی۔
بشریٰ رند کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے لوکیشن ٹریس کی تھی ، جس کے بعد مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے سندھ اور بلوچستان پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔
مشیر اطلاعات بلوچستان نے مزید بتایا کہ ملزم خواتین کے لباس میں فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، گرفتار مرکزی ملزم خضدار کارہائشی ہے۔
گذشتہ روز کراچی پولیس اور حساس اداروں نے خضدار کے علاقے کھنڈ اور کھٹان میں چھاپےمارے اور خاتون کے لباس میں فرار ہونے کی کوشش کرنے والے مبینہ قاتل عابدامین کو پکڑ لیا تھا۔
کراچی پولیس اور حساس اداروں نےعابدامین سمیت 4 افراد کو حراست میں لیا جب کہ قاتل گینگ کا سرغنہ کھنڈ کے علاقے میں پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا۔
خیال رہے کہ صحافی اطہر متین کو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، اطہر متین اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ کر گھر لوٹ رہے تھے۔
بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے صحافی اطہر متین کے قتل کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی تھی۔