اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

اسلام آباد کی سڑکوں کے کنارے اُگے املتاس کا جادو

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (13 جولائی 2026): املتاس کا پھول تازگی اور ٹھنڈک کا احساس بخشتا ہے، اسلام آباد کی سڑکوں کے کنارے قرینے سے اگائے گئے املتاس کے درخت شہریوں کے لیے طمانیت کا باعث ہیں، اس کی گھنی چھاؤں، پیلے پھول اپنی مثال آپ ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی نمائندہ فرح ربانی رپورٹ کرتی ہیں کہ املتاس کی زرد کونپلیں پھوٹتی ہیں تو ماحول گویا سنہری چادر تان لیتا ہے، اسلام آباد میں سلیقے سے شاہراہوں کے کنارے اُگے املتاس کے درختوں کی گھںی چھاؤں چلچلاتی دھوپ میں ٹھنڈک کا احساس بخشتی ہے، اور پیلے پھول ماحول میں تازگی بھر دیتے ہیں۔

آتے جاتے مسافر اور شہر کے مہمان اس منظر کو اپنی یادوں کی کتاب میں تحریر کرنا نہیں بھولتے، سبز پتوں کے جھرمٹ میں ان گنت پیلے پھول فطرت کی کرشمہ سازی ہے۔

پھول صرف موسم بہار ہی میں نہیں کھلتے، املتاس اس نسبت کی نفی کرتا ہے اور گرم موسموں میں اپنا جوبن دکھاتا ہے۔ اس پھول کی یہی انفرادیت اسے تمام پھولوں میں ممتاز کرتی ہے۔

ہوا کے دوش پر لہلہاتے یہ سنہری پھول اسلام آباد کے حسن کو مزید نکھار رہے ہیں۔ گرمی کے موسم میں یہ نہ صرف شہر کی خوب صورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ہر گزرنے والے کو تازگی اور سکون کا احساس بھی دلاتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں