اداکارہ امر خان کی والدہ اور سینئر اداکارہ فریحہ جبیں نے شوہر کی دوسری شادی پر لب کشائی کردی۔
اداکارہ فریحہ جبیں سینئر اداکارہ ہیں اور انہوں نے بیٹی امر خان کی سنگل مدر پرورش کی ہے، وہ ٹیلی ویژن، فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔
اداکارہ نے بیٹی امر خان کے ساتھ پروگرام ’شانِ سحور‘ میں شرکت کی اور اس دوران شوہر کی دوسری شادی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
فریحہ جبیں نے بتایا کہ ان کی شادی پسند کی تھی اگرچہ وہ اب ساتھ نہیں ہیں لیکن انہوں نے بتایا کہ شوہر خوبصورت اور تعلیم یافتہ تھے اور ان سے بہت بہتر تھے۔
انہوں نے کہا کہ شوہر امریکا چلے گئے تھے اور وہاں سیٹل ہونے کے لیے دوسری شادی کر لی۔
فریحہ جبیں نے اس حقیقت کو وقار کے ساتھ قبول کیا اور وہ اب بھی ان کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہیں۔ وہ اس بات پر بھی شکر گزار ہیں کہ ان کے شوہر نے اپنی بیٹی کے ساتھ تعلق برقرار رکھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ساتھ نہ رہنے کے باوجود وہ کبھی اپنے شوہر کی برائی نہیں کرتیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جو مرد آپ سے شادی کرتا ہے وہ محبت کی خالص ترین شکل دکھاتا ہے۔ ہمارے معاشرے میں بہت سے ایسے مرد ہیں جو افیئرز یا دوستی کی کوشش کریں گے لیکن شادی عزم اور وابستگی کی علامت ہے۔ اس لیے وہ اس شخص کے بارے میں کبھی برا نہیں کہیں گی جس سے انہوں نے محبت کی تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


