منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کبھی نہ ٹوٹنے والے حیرت انگیز ریکارڈ!

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (12 جنوری 2026): کرکٹ میں ریکارڈ بننا اور ٹوٹنا کوئی بڑی بات نہیں مگر کچھ ایسے بھی ناقابل شکست ریکارڈ ہیں جو کبھی نہیں ٹوٹ سکتے۔

کہا جاتا ہے کہ ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں۔ موجودہ کرکٹ میں دیکھیں تو یہ مثال صادق نظر آتی ہیں، کیونکہ بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ میں ریکارڈ بنتے اور پھر ٹوٹتے رہنا کوئی بڑی بات نہیں رہی۔ تاہم ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چند انمول ریکارڈ ایسے بھی ہیں، جن کا ٹوٹنا ناممکن ہے۔

آنیے چند ایسے ہی نا قابل شکست کرکٹ ریکارڈز کے بارے میں جانتے ہیں۔

سب سے عمر رسیدہ کپتان:

انگلینڈ کے ولیم جی گریس بین الاقوامی میچ میں کپتانی کرنے والے سب سے زیادہ عمر کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 1899 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی کپتانی کی تھی۔ اس وقت ان کی عمر 50 سال اور 138 دن تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے سب سے معمر کھلاڑی:

انگلینڈ کے جیمز ساؤتھٹرن بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے سب سے معمر کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 49 سال اور 119 دن کی عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلا بین الاقوامی میچ بھی تھا۔ یہ میچ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن میں کھیلا گیا تھا۔

پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کرنے والا عمر رسیدہ کھلاڑی:

45 ٹیسٹ کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے ڈیو نورس نے 42 سال کی عمر میں اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی تھی۔ انہوں نے 1921 میں جوہانسبرگ میں آسٹریلیا کے خلاف 111 رنز بنائے تھے۔

سب سے زیادہ عمر میں سنچری بنانے کا ریکارڈ:

انگلینڈ کے جیک ہوبز ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے والے سب سے بڑی عمر کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 46 سال کی عمر میں سنچری اسکور کی تھی۔

یہ ایک ایسا کارنامہ ہے جسے حاصل کرنا آج تقریباً ناممکن ہے، کیونکہ آج کل کرکٹر اس عمر تک پہنچنے سے قبل ہی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیتے ہیں۔

سب سے زیادہ فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کا ریکارڈ:

ولفریڈ رہوڈز نے انگلینڈ کے لیے تو صرف 58 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انہوں نے 127 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم وہ فرسٹ کلاس میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے 1,110 فرسٹ کلاس میچز کھیلے، جن میں 39,969 رنز بنائے۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ:

ولیم جی گریس کے کیرئیر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے 22 ٹیسٹ میچ کھیلے، جن میں 1,098 رنز بنائے۔ انہوں نے 870 فرسٹ کلاس میچ کھیل کر 54,211 رنز بنائے۔ انہوں نے 2,809 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ:

فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ انگلینڈ کے ولفریڈ رہوڈز کے پاس ہے۔ انہوں نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا اختتام 4,204 وکٹوں کے ساتھ کیا۔ واضح رہے کہ اب تک دنیا کا کوئی اور بولر 4000 وکٹوں تک بھی نہیں پہنچ سکا ہے۔

روہت شرما دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے، منفرد ریکارڈ قائم

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں