ماضی کے دھندلکوں میں نیم تاب، شعر و ادب کے پُرخیال ذخیرے اور اس کے خالق امینؔ حزیں سیالکوٹی کی داستان ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط ہے۔
امینؔ حزیں سیالکوٹی کا اصل نام خواجہ محمد مسیح پال تھا اور وہ ایک دین دار اور علم دوست کشمیری خانوادے سے تعلق رکھتے تھے کہ پال ایک کشمیری برادری ہے۔ 24 اگست 1884ء کو پیدا ہوئے۔ والد مولوی احمد دین پال ایک بزرگ ہستی کے طور پر معروف تھے۔ امینؔ حزیں نے گو نسبی خوبیوں کو دمِ واپسیں تک دامن میں سمیٹے رکھا، لیکن شعر و سخن کے حوالے سے بقول خود، بزرگوں پر واضح کر دیا کہ وہ فطرتاً ’’چچا غالب ٹائپ‘‘ ہیں۔
ابتدائی تعلیم کا مرحلہ آیا تو حالات یاور ہوئے اور کشاں کشاں شمس العلماء مولوی میر حسن ایسے نابغہ کے پاس لے گئے جو اسکاچ مشن اسکول سیالکوٹ میں عربی فارسی کے استاد تھے اور قبل ازیں علامہ اقبال ایسی گہر بار ہستی پر اپنے علم و ادب کا خزانہ لٹا چکے تھے… لیکن سینوں میں دفن علمی خزینے لٹانے سے ختم تو نہیں ہوتے! یہ تو دیے کی مانند ہوتے ہیں۔ کتنے بھی دیے روشن کر لو، اصل دیا تو فروزاں تر ہوتا جاتا ہے۔ سو خواجہ محمد مسیح پال نے اپنی فطری دل چسپی اور لگن کی بدولت، مولوی میر حسن کے علم و فضل سے اپنے علمی تجسّس کا دیا خوب خوب روشن کیا۔ تب تک وہ دور شاید جاری و ساری تھا کہ شاگرد محاورتاً ہی نہیں بلکہ عملاً اساتذہ کی جوتیاں سیدھی کرتے تھے۔
’’تاریخِ سیالکوٹ‘‘ کے مؤلف اشفاق نیاز لکھتے ہیں کہ ’’میر حسن صاحب کو اسکول کے قریب واقع ’برمے والی کھوئی‘ کا پانی بہت پسند تھا۔ خواجہ محمد مسیح پال نے یہ معمول پلّے باندھ لیا کہ بلاناغہ اس کنویں پہ جاتے اور پانی بھر کے میر صاحب کی خدمت میں پیش کردیتے۔ اُدھر مولوی میر حسن نے بھی عربی، فارسی اور اردو کا علم ان کے لئے پانی کر دیا اور وہ اسے رگِ جاں بناتے چلے گئے۔ اپنے ’’تعارفِ ذاتی‘‘ میں لکھتے ہیں کہ کالج میں ایف اے کا مرحلہ ادھورا چھوڑ کر میڈیکل کا سودا سر میں سمایا۔ ابتداء ادب کے حوالے سے تحصیلِ علم سے ہوئی تھی، میڈیکل کی ٹیکنکل زبان سے لگاؤ تو پیدا نہ ہوا، البتہ تھوڑے سے رومانی اور دہریہ خیالات در آئے۔ نتیجتاً تعلیمی مدارج ادھورے رہ گئے۔
مولوی میر حسن نے علم و ادب اور لسانیات کی جو فکری اور ذہنی جوت جگائی تھی شاید وہی انہیں شاعری کی طرف لے گئی۔ آمد اور آورد اپنی جگہ…1904ء میں ایک غزل کہی اور امینؔ حزیں سیالکوٹی کے تخلص یا قلمی نام سے لکھنؤ کے معروف جریدے ’’پیامِ یار ‘‘کو بھیج دی۔ غزل چھپی اور اسے علمی، ادبی اور شعری حلقوں میں قبولیتِ عام حاصل ہوئی… پھر کیا تھا… کرن کو کرن سے آگ لگی، شاعری کا جادو سر چڑھ کے بولا اور فکر و ذہن کے کسی گوشۂ نہاں سے پُرگوئی کا چشمہ پھوٹ نکلا۔ یہی دن تھے جب جی میں سمایا کہ اصلاحِ سخن کے لئے علامہ اقبال کی شاگردی اختیار کی جائے۔ علامہ اقبال کے خدمت میں حاضر ہوئے تو انہوں نے فرمایا، ’’بھائی شاعری خداداد چیز ہے۔ اگر شعر گوئی کا جذبہ سچا ہے تو مشقِ سخن کئے جائیں اور اساتذہ کا کلام پڑھتے رہیں تاکہ کان بحروں سے مانوس ہوجائیں۔ اور زبان میں کوئی سُقم نہ رہے۔‘‘امینؔ حزیں سیالکوٹی کا مجموعۂ کلام دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ زندگی بھر علامہ اقبال کی اس نصیحت پر عمل پیرا رہے۔
امینؔ حزیں کا پہلا مجموعۂ کلام ’’گلبانگِ حیات‘‘ 1940ء میں شائع ہوا جس کا پیش لفظ ادیبِ شہیر اور جریدہ ’’مخزن ‘‘ کے ایڈیٹر سر شیخ عبدالقادر نے لکھا۔ اس مجموعۂ کلام کا انتساب امینؔ حزیں نے ان الفاظ میں کیا ’’پیرِ ہندی حضرت علامہ اقبال ؒ کی حیات پرور یاد سے۔‘‘گلبانگ حیات کی اشاعت پر انہیں رضامند کرنے والے بھی، اس وقت کے ایک ممتاز ماہرِ اقبالیات سیّد نذیر نیازی تھے۔ بیسویں صدی کے ان تین عشروں پر ہم نگاہ ڈالیں، تو یہ دلچسپ کیفیت دیکھتے میں آتی ہے کہ شعراء کی اکثریت علامہ اقبال کے افکار اور اندازِ شعر گوئی سے متاثر تھی دوسری جانب، امینؔ حزیں نے ناموری سے بے نیاز، اپنی دھن میں مگن، ہم عصر اہلِ علم اور شعراء کو سنجیدگی سے پڑھا اور اپنے مخصوص انداز میں اساتذہ کا اثر قبول کیا۔
1950ء کے عشرے کے اوائل میں فیروز سنز نے اپنی معروف کتاب ’’تذکرۂ جدید شعرائے اردو‘‘ شائع کی تو امینؔ حزیں کے حوالے سے لکھا کہ’’ ابتدا میں وہ مولانا ظفر علی خان اور مولانا محمد علی جوہرؔ کے رنگ سے متاثر تھے۔ بعدازاں اقبال کو پسند کرنے لگے اور یہ رنگ کچھ ایسا بھایا کہ پھر کسی اور کا نقشہ نہ جم سکا۔
ظاہر ہے صرف شاعری سے پیٹ نہیں بھرتا۔ امینؔ حزیں نے زندگی کے لگ بھگ 33 سال گلگت جیسے دور افتادہ خطے میں حکومت ِبرطانیہ کی ملازمت میں گزارے۔ اس کے باوصف لاہور اور دہلی وغیرہ سے شائع ہونے والے ادبی جرائد سے رابطہ استوار رکھا۔ ان کا کلام باقاعدگی کے ساتھ ساقی، کارواں، عالمگیر اور ہمایوں جیسے معروف و مقبول جریدوں اور مولانا ظفر علی خان کے اخبار روزنامہ زمیندار کی زینت بنتا رہا۔ جہاں تک امینؔ حزیں کی طویل ملازمت کا تعلق ہے، اس زمانے کو بھی انہوں نے دفتری معاملات یا اپنی شاعری تک محدود نہیں رکھا بلکہ یہاں ہم پر ان کی زندگی اور مصروفیات کا ایک بہت اہم گوشہ عیاں ہوتا ہے۔ وہ یہ کہ مشرقی ہندوکش اور قراقرم کے خطوں میں آباد مختلف النسل قبائل اور قومیتوں کی زبانوں پر تحقیق۔ برطانوی ماہرینِ تاریخ، آثارِ قدیمہ اور ایشیا کے مختلف خطوں میں بولی جانے والی چھوٹی بڑی زبانوں پر تحقیق کرنے والوں میں ڈیوڈلاک ہارٹ رابرٹسن لوریمر (David Lockhart Robertson Lorimer) ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ وہ 1876ء میں برطانیہ میں پیدا ہوئے اور 1962ء میں انتقال کیا۔ طبعاً وہ ماہر لسانیات تھے۔ لیکن ملازمت کے حوالے سے برطانوی فوج اور پولیٹکل ڈپارٹمنٹ سے بھی وابستہ رہے۔ مختلف ملکوں میں برطانوی پولیٹکل ایجنٹ کی حیثیت سے کام کرتے کرتے 1920ء اور 1930ء کے عشروں میں گلگت میں برطانوی پولیٹکل ایجنٹ کے طور پر تعینات رہے۔ امینؔ حزیں بھی اس دوران گلگت میں تھے۔ اور یہیں لسانیات پر تحقیق کی، جن میں کھواڑ، شینا، بختیاری، واکھی اور بروشسکی زبانیں شامل ہیں۔
دیوڈ لوریمر کو 1953ء میں اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز میں اعزازی پروفیسر کا عہدہ دیا گیا تھا۔ امینؔ حزیں نے یہ لسانی تحقیق 1930ء کے عشرے میں مکمل کی۔ ان کا تحقیقی مواد اب بھی لندن کے اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز کے شعبۂ دستاویزات (Archives) میں لوریمر کے ان کاغذات کے ساتھ رکھا ہوا ہے جن میں سے کچھ ہنوز غیر مطبوعہ ہیں۔ ہمیں ان دستاویزات کے حوالے سے ایک تحریر پر 24 جولائی 1937ء کی تاریخ ملتی ہے۔ اس کا مسوّدہ (Manuscript) نمبر MS181247 ہے۔
بھارت کی نیشنل اکیڈمی آف لیٹرز یا ساہتیہ اکیڈمی دہلی میں 12 مارچ 1954ء کو قائم کی گئی۔ اس کے پہلے صدر پنڈت جواہر لال نہرو، نائب صدر ایس رادھا کرشن اور سکریٹری کرشنا کرپلانی تھے۔ تب برِصغیر کی تقسیم کو 7سال بیت چکے تھے۔ کرپلانی کا ایک خط مورخہ 10دسمبر 1958ء ہمیں ملتا ہے جس میں امینؔ حزیں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ان کا کچھ کلام کتاب ’’منتخب شعراء کا منتخب کلام‘‘ میں شامل کیا جارہا ہے جس کا انہیں ایک سو روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ ساہتیہ اکیڈمی نے یہ کتاب اپریل 1960ء میں شائع کی اور حسبِ وعدہ امینؔ حزیں کے نام اسٹیٹ بینک آف انڈیا، دہلی کا جاری کردہ سو روپے کا ڈرافٹ انہیں بھیجا۔ جس کی رسید بھی موجود ہے۔ رسید دیکھ کر آج آدمی یہ سوچتا ہی رہ جاتا ہے کہ وہ بھی کیا زمانہ تھا جب سوروپے، واقعی سوروپے ہوتے تھے۔
(تحریر: رشید بٹ)