کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ دھرناطویل ہوگا، مطالبات کی منظوری تک نہیں اٹھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کا آج دوسرا دن ہے اور مطالبات کی منظوری تک چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں احتجاج جاری رہے گا۔
منعم ظفر کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہے، پٹرولیم مصنوعات پر 25 فیصد لیوی وصول کی جارہی ہے جبکہ مختلف ٹیکسز کی مد میں 130 روپے فی لیٹر عائد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عوام پہلے ہی پس چکے ہیں۔ ایک لیٹر پٹرول مزدور، طالب علم اور آن لائن بائیک رائیڈر استعمال کرتے ہیں، اس لیے پٹرول کی قیمت میں اضافہ براہِ راست عام آدمی کو متاثر کرتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو پٹرول 195 روپے فی لیٹر پڑ رہا ہے، جبکہ 28 فروری کو پٹرول کی قیمت 258 روپے فی لیٹر تھی اور اچانک 55 روپے اضافہ کردیا گیا۔
منعم ظفر نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز اور گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے بعد ان کا مارجن بڑھا دیا گیا، جبکہ عام آدمی پر لیوی کی صورت میں بھتہ ٹیکس عائد ہے، حکومت کو یہ بوجھ ختم کرنا چاہیے۔
انہوں نے حکومتی رہنماؤں کے شاہانہ اخراجات میں کمی، آئی پی پیز کے فرانزک آڈٹ اور مہنگائی میں کمی کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی یونیورسٹی روڈ شہریوں کے لیے ریڈ زون بنی ہوئی ہے اور عوام کی زندگی اجیرن کردی گئی ہے۔
منعم ظفر نے واضح کیا کہ دھرنا طویل ہوگا اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔


