تازہ ترین

سراج الحق قافلے کے قریب دھماکا : وزیراعظم ودیگر کا اظہار مذمت

اسلام آباد : ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے کے قریب ہونے والے دھماکے پر وزیراعظم سمیت ملک کی دیگر اہم شخصیات نے شدید مذمت اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے واقعے کے فوری بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی، صادق سنجرانی نے بلوچستان حکومت کو سراج الحق کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سراج الحق کے قافلے پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

سابق صدر پاکستان اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی سراج الحق کے قافلے کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حملے کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کیا جائے۔

اس کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے بتایا ہے کہ دھماکہ میں جماعت اسلامی کے 7کارکنان زخمی ہوئے قافلہ میں شامل متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، سراج الحق ژوب میں جلسے میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔

Comments

- Advertisement -