کراچی : پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی، خصوصی پرواز کراچی سے سیکڑوں مسافروں کو لیکر شکاگو کےلیے روانہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق جہاں دنیا بھر میں جان لیوا کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے اندرون و بیرون ملک پروازیں معطل ہیں وہیں پاکستان میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے سول ایوی ایشن نے عارضی طور پر اندرون و بیرون پروازیں معطل کردیں تھیں۔
پروازوں کی معطلی کے باوجود امریکی شہریوں کو لینے قاہرہ سے خصوصی طیارہ کراچی پہنچا تھا، جس کے بعد پرواز ایم ایس آر 3200 کے ذریعے امریکی شہری کراچی سے براستہ اسلام آباد شکاگع روانہ ہوئے۔
خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان سے 135 مسافر امریکا کےلیے روانہ ہوئے جس میں امریکی سفارتخانے کا بھی 16 رکنی عملہ شامل ہے۔
ایئرپورٹ مینیجر نے بتایا کہ روانگی سے قبل مسافروں کی کراچی ایئرپورٹ پر مکمل طبی جانچ پڑتال اور اسکریننگ کی گئی یہاں تک کے مسافروں کے سامان کو بھی جہاز میں لوڈ کرنے سے مکمل طور پر سینیائزڈ کیا گیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن نے امریکا کی درخواست پر خصوصی طیارے کو مسافروں کو لے جانے کی اجازت دی تھی۔
پاکستان میں موجود کینیڈین شہریوں کی واپسی شروع
خیال رہے کہ گزشتہ روز 300 کینیڈین شہریوں کو پاکستان ایئر لائن کی پرواز پی کے 784 کے ذریعے لاہور سے ٹورنٹوں کے روانہ کیا گیا تھا۔