کراچی: وفاقی وزیر ٹیلی کمیونی کیشن امین الحق جی 20 ممالک کے ورلڈ بزنس اینجل انویسٹمنٹ فورم کی ایک اہم کمیٹی کے صدر منتخب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق امین الحق جی 20 ڈبلیو بی اے ایف کی ٹیکنالوجی و انوویشن کمیٹی کے صدر منتخب ہو گئے، اس عہدے کے لیے بھارت بھی امیدوار تھا تاہم یہ اعزاز پاکستان کے حصے میں آیا۔
ورلڈ بزنس اینجل انویسٹمنٹ فورم نے پاکستان کا انتخاب 127 ممالک میں کیا۔ اس تنظیم میں ہالینڈ کی ملکہ میکسیما، ترکی کے نائب وزیر اعظم سمیت متعدد عالمی رہنما رکن ہیں۔
سید امین الحق کا انتخاب پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام شعبے میں نمایاں کردار کی بنیاد پر کیا گیا ہے، یہ تنظیم دنیا بھر میں اسٹارٹ اپس، SMEs، کی حوصلہ افزائی اور سرمایہ کاری میں معاونت فراہم کرتی ہے، اور سائنس ٹیکنالوجی و انوویشن کے فروغ کے لیے عملی اقدامات بھی یقینی بناتی ہے۔
H.E.Syed Amin Ul Haque – Federal Minister of Information and Telecommunication of Pakistan and President of the WBAF Global Science, Technology and Innovation Committee, addressed to the Grand Assembly of the World Business Angels Investment Forum. pic.twitter.com/KyEJCalMSs
— Baybars Altuntas (@baybarsaltuntas) February 14, 2021
وفاقی وزیر نے اعزاز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عالمی تنظیم کی جانب سے کمیٹی صدر کا انتخاب ایک اعزاز ہے، جس سے جنوبی ایشیا میں پاکستان کے لیے ٹیکنالوجی حب بننے کے لیے راہ ہموار ہوگی۔
امین الحق نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی کی صدارت ملنے کے بعد کاروبار کے فروغ، بیرونی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔
انھوں نے کہا وزیر اعظم کے عزم کے تحت بین الاقوامی سطح پر پاکستانی ہنرمندوں کی رسائی ہو سکے گی، اسٹارٹ اپس، چھوٹے کاروباری افراد اور کمپنیوں کو عالمی سرمایہ کاروں تک رسائی ہوگی، پاکستان کے آئی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن کے شعبے کے لیے دنیا بھر کے دروازے کھلیں گے۔