سابق فاسٹ بولر محمد عامر میں ٹیم میں واپسی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
محمد عامر نے ویڈیو پیغام میں واضح کیا کہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور ان کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ برقرار رہے۔
عامر نے کہا کہ گزشتہ دو تین دنوں سے میں سن رہا ہوں کہ محمد عامر واپسی کر رہے ہیں اور ریٹائرمنٹ واپس لے رہے ہیں، میرے ساتھ واپسی یا ریٹائرمنٹ واپس لینے کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی میرا ایسا کوئی منصوبہ ہے۔ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے میں نے جو فیصلہ کیا وہ حتمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے پرستار کہتے ہیں کہ مجھے واپس آنا چاہیے لیکن پاکستان کرکٹ کو بھی آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، اب وقت ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑی ہیں اگر نوجوان تسلسل کے ساتھ کھیلیں گے تو دو تین سال میں ایک مضبوط ٹیم بن جائے گی، مجھے امید ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے اچھی طرح سے تیار ہو گی، ہم نے ایشیا کپ کا فائنل کھیلا، اب مجھے امید ہے کہ ہم ورلڈ کپ کا فائنل بھی کھیلیں گے اور جیت بھی جائیں گے۔
یہ پڑھیں: عامر کی ٹیم میں واپسی کے لیے میں لڑا تھا، وقار یونس
واضح رہے کہ عامر نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد 14 دسمبر 2024 کو دوسری بار ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ نئی نسل کو آگے لانے کا وقت ہے۔
فاسٹ بولر نے 2020 میں سابق کوچ مصباح الحق اور وقار یونس کے ساتھ جھگڑے کے بعد ریٹائرمنٹ لی تھی اور پھر ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے اوائل میں ان کی واپسی ہوئی۔
علاوہ ازیں یہ خبریں بھی گردش کررہی تھیں کہ سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کی جگہ سرفراز احمد کو چیف سلیکٹر بنایا جائے گا۔
اس پر عامر نے کہا کہ سرفراز احمد کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ انہیں چیف سلیکٹر بنایا جارہا ہے اگر وہ سلیکٹر کے لیے بھی آتے ہیں تو یہ اچھا فیصلہ ہوگا، وہ موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلے ہیں جس کا فائدہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد ایک ایماندار اور مخلص انسان ہیں، پاکستان کرکٹ ان جیسے لوگوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہے، کرکٹرز کو معاملات سنبھالنے کی صلاحیت بھی ہونی چاہیے اور اچھے کھلاڑی ہونے چاہئیں، اس سے پہلے بھی کئی کرکٹرز آئے لیکن انہوں نے ہنگامہ آرائی میں ٹیم کو چھوڑ دیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


