مانچسٹر: پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ اپنے برطانوی حریف کیل بروک کو ہار کا مزا چکھاؤں گا، ضروری ہے کہ کیل بروک کو اُس کی جگہ دکھائی جائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان 2 سال بعد باکسنگ رِنگ میں اُترنے کے لیے تیار ہیں، وہ کل شام اپنے حریف کیل بروک کے خلاف رنگ میں اُتریں گے۔
پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا یہ فائیٹ برطانیہ کی ایک بڑی فائٹ ہے، کیل بروک بہت باتیں کرتے ہیں، اب رنگ میں اُن کو جواب دوں گا، اور انھیں ایک ایسی شکست سے دوچار کروں گا جو انھوں نے پہلے کبھی نہ دیکھی ہوگی۔
عامر خان نے اعتراف کیا کہ دونوں میں سے کوئی بھی ہار گیا تو اُس کے لیے شکست کے ساتھ زیادہ دیر گزارہ مشکل ہو جائے گا، میں نے شکست اپنے ذہن میں ڈالی ہی نہیں ہے، کیوں کہ میں نے صرف جیتنا ہے، اگر میں فائٹ ہار بھی گیا تو میرا باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔
Amir Khan and Kell Brook take shots at eachother at today’s presser, Live on big Sky Sports 🤣🤣 #KhanBrook #Boxing pic.twitter.com/s7V3KecY36
— LondonRunzBoxing (@LondonRunz) February 17, 2022
باکسر نے کہا میں بہت مضبوط اور خود کو بہت تازہ محسوس کر رہا ہوں، اس مقابلے میں فتح میری ہوگی، مقابلہ جیتنے کے لیے میں نے ہر طرح سے ٹریننگ کی ہے۔
واضح رہے کہ مانچسٹر ارینا میں کل ہونے والے اس زبردست مقابلے کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔