سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر اور بیٹر احمد شہزاد نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے اہم سپر ایٹ میچ سے قبل قومی ٹیم کے ٹاپ آرڈر میں بڑی تبدیلیوں کی تجویز دے دی ہے۔
ایک نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر اور بیٹر شہزاد نے ٹیم کی حکمت عملی اور بیٹنگ لائن اپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیم کے توازن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، سلمان علی آغا اور خواجہ نافع کو ٹاپ آرڈر کی ذمہ داری سنبھالنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عثمان خان کو بطور وکٹ کیپر ٹیم میں برقرار رکھنا ضروری ہے، جس کے بعد شاداب خان اور محمد نواز کو آنا چاہیے۔ عامر کے مطابق اگر صائم ایوب باہر بیٹھتے ہیں تو ابرار احمد ان کی جگہ لے سکتے ہیں، جبکہ خواجہ نافع کو بابر اعظم کی پوزیشن پر کھلایا جا سکتا ہے اور آخر میں شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ بولنگ اٹیک کا حصہ ہوں گے۔
دوسری جانب احمد شہزاد نے مشورہ دیا کہ ٹیم کو دستیاب وسائل کے مطابق کھیلنا چاہیے اور کسی معجزے کا انتظار کرنے کے بجائے ماہر کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینچ پر کوئی "ڈان بریڈمین” نہیں بیٹھا، اس لیے چھوٹی تبدیلیاں کر کے ٹیم کو متوازن بنایا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ شاداب کی جگہ ابرار کو لایا جائے اور نافع کو بابر کی جگہ کھلایا جائے تاکہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبے مضبوط ہو سکیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اس وقت گروپ 2 میں دو میچوں کے بعد صرف ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو نہ صرف سری لنکا کو شکست دینی ہے بلکہ اپنے نیٹ رن ریٹ کو نیوزی لینڈ سے بہتر بنانا ہوگا۔ اس کے لیے پاکستان کو سری لنکا کے خلاف تقریباً 65 رنز کے فرق سے جیتنا ہوگا یا ہدف کو 13 اوورز کے اندر حاصل کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ اہم مقابلہ ہفتے کے روز پالیکیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


