ممبئی(7 نومبر 2025): بالی ووڈ کے بادشاہ امیتابھ بچن نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے تیار کردہ تصویر شیئر کرنے پر معافی مانگ لی۔
بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار امیتابھ بچن کو حال ہی میں ایک ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جہاں انہیں اے آئی سے تیار کردہ تصویر شیئر کرنے کے بعد وضاحت کرنی پڑی۔
اداکار نے پوسٹ ڈیلیٹ کر دی اور اپنے بلاگ کے ذریعے معذرت کی، امیتابھ بچن نے اپنی غلطی تسلیم کی اور خود کو گاؤں کا ایک شخص قرار دیا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کیا کریں بھائی؟ ہم گاؤں کے لوگ ہیں! جو بن پڑتا ہے کر لیتے ہیں، جو نہیں ہوتا، ہاتھ پاؤں جوڑ لیتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا، ہم بحیثیت انسان سب بڑے پیدا ہوئے ہیں، انسان ہونا ہی بڑی بات ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنے مشہور گیم شو کے سیٹ سے ایک سیاہ و سفید تصویر شیئر کی جس میں وہ ہاتھ جوڑ کر معذرت کر رہے ہیں، اداکار نے تسلیم کیا کہ بعض اوقات بہترین کوششوں کے باوجود چیزیں غلط ہو جاتی ہیں۔
بالی ووڈ کے بادشاہ امیتابھ بچن نے مزید کہا کہ جب کوئی چیز ان کی استطاعت سے باہر ہو جائے تو وہ دونوں ہاتھ اور پاؤں جوڑ کر معذرت کرتے ہیں۔


