قصور: این اے 139 قصور سے ایک ایسا امید وار بھی میدان میں ہے جس کے پاس نہ تو انتخابی مہم چلانے کے پیسے ہیں اور نہ ہی جلسہ کرنے کے لیے ضروری وسائل دستیاب ہیں، اس کے باوجود اس امیدوار کے ارادے بلند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق این اے 139 قصور سے عمار کاظمی نامی قومی اسمبلی کے امیدوار سورج مکھی کے انتخابی نشان پر میدان میں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ شکست سامنے ہوتب بھی میں اپنی استعداد کے مطابق انتخابی مہم ضرور چلاؤں گا چاہے اس کے لیے مجھے قصور کے ایک ایک گھرکادروازہ کھٹکھٹا نا پڑے۔
تیسرے مدمقابل ان کے ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی ہیں جو کہ جمعیت اہلحدیث کے امیر ہیں لیکن تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں۔ ان کے والد اس حلقے سے فاتح رہ چکے ہیں، یہ حضرت کےبارے میں کہا جاتا ہے کہ ممبئی اٹیک میں مطلوب ذکی الرحمن لکھوی سے ان کے قریبی تعلقات یا رشتے داری ہے۔
عمارکاظمی اوران کے خاندان کا بظاہر سیاست سے دور دور تک کوئی لینا دینا نہیں ، وہ بذات ِ خود ایک سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میں نے انتخاب لڑنے کے لیے اپنے آبائی علاقے کا انتخاب کیا ہے ، میرے والد مزدور آدمی تھے میرے خاندان میں کوئی چودھری نہیں ہے، نہ ہی کبھی چودھریوں کی غلامی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں وہ جائے جو قومی مسائل کو سمجھتا ہو اور ان پر بات کرنے اور ان کا حل نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ میرے مدمقابل جو امید وار ہیں ، انہوں نے کبھی مطالعہ پاکستان کی کتاب بھی نہیں پڑھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو حمزہ شہباز او ر مونس الہی کے علاوہ عام غریب آدمی کا بھی حق ہے کہ اس ملک کا وزیر اعظم بنے ، یہاں ہر سیاست داں کی اولاد میدان میں ہے تو یہ کون سی تبدیلی کی سیاست ہے۔
عمار کاظمی نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ ان کے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہیں کہ وہ کوئی بڑا جلسہ کرسکیں، انہوں نے اپنا پہلا جلسہ ایسے حالات میں کیا ہے کہ نہ کوئی اسٹیج تھا اور نہ ہی حاضرین کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں وغیرہ تھیں۔ اس کے باوجود عمار کاظمی کو امید ہے کہ 25 جولائی کو ان کے حلقے کے لوگ سورج مکھی پر مہر لگائیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں





