معروف ماڈل آمنہ بابر کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، آمنہ رواں برس فروری میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔
26 سالہ ماڈل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی کی پیدائش کے بارے میں بتایا۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ بیٹی کا نام ناز آفرین رکھا گیا ہے۔
آمنہ نے اپنی اور بچی کی خیریت کی اطلاع بھی دی جبکہ انہوں نے جلد ہی بیٹی کی تصویر جاری کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
آمنہ کی پوسٹ کے بعد انڈسٹری کے دیگر افراد اور مداحوں کی جانب سے انہیں مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کا جوڑے نے جواب بھی دیا۔
خیال رہے کہ آمنہ بابر نے سنہ 2010 میں ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا۔ ماڈلنگ میں اپنا نام بنانے اور کئی ایوارڈز جیتنے کے بعد رواں برس فروری میں انہوں نے اچانک شادی کرلی۔
فی الوقت آمنہ شوبز انڈسٹری سے دور ہیں اور اپنی گھریلو مصروفیات میں مشغول ہیں۔