شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان آمنہ ملک نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے جنات سے گمشدہ چیزیں واپس منگوائیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’شیر‘ میں دانش تیمور کی بہن کا کردار نبھانے والی اداکارہ آمنہ ملک نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے جنات کو ڈانٹ کر اپنی گمشدہ چیزیں واپس منگوانے کا بھی انکشاف کیا۔
اداکارہ نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ میرے پیسے کھو گئے ان دنوں دیگر چیزیں بھی گم ہورہی تھیں تو مجھے کسی نے مشورہ دیا کہ جب گھروں میں بھوت، جنات موجود ہوتے ہیں تو ایسا ہوتا ہے اگر ان سے بات کرو تو وہ چیزیں واپس چھوڑ جاتے ہیں۔
آمنہ ملک نے کہا کہ میں کمرے میں گئی اور جنات سے کہا کہ ’آپ کو بھی ہیں، چھوٹے ہیں یا بڑے برائے مہربانی میری چیزیں گم نہ کریں۔‘
یہ پڑھیں: آج کل کی محبت میں مخلصی نہیں، آمنہ ملک
اداکارہ نے کہا کہ میرا یہ کہنا تھا کہ شام تک میرے گمشدہ پیسے واپس مل گئے، کہا جاتا ہے کہ جنات کے بچے اکثر شرارت کرتے ہیں اس لیے جب بھی میری چیزیں گم ہوتی ہیں تو میں جنات سے باتیں کرلیا کرتی ہوں اور وہ مل بھی جاتی ہیں۔
دوران انٹرویو انہوں نے ایک اور دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک بار میرے گھر میں کھٹمل ہوگئے تھے جس سے میں بہت پریشان تھیں، تو ایک ماسی نے مجھے مشورہ دیا کہ دو تین کھٹملوں کو پکڑ کر گوشت کی دکان پر لیجائیں اور وہاں انہیں چھوڑ دیں اور اُن سے کہیں کہ اب ہمارے گھر واپس نہیں آنا اب یہی تمہارا گھر ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ جب میں نے ایسا کیا تو گوشت والا بھی پریشان ہوگیا اور سمجھا شاید میں کوئی جادو ٹونا کرنے آئی ہوں، لیکن میں اس کو سچ بھی نہیں بتا سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود بھی کھٹمل گھر میں موجود رہے اور یہ سب کرنے کا کوئی فائدہ بھی نہ ہوا۔


