کراچی: شہر قائد کے علاقے شارع فیصل پر مریم نواز کی آمد کے موقع پرمریض کو لے جانے والی ایمبولینس پھنس گئی.
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے جناح گراونڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی کراچی آمد ہوئی، وہ ریلی کی شکل میں شارع فیصل سے نجی ہوٹل پہنچیں، اس دوران شارع فیصل پر مریض کو لے جانے والی ایمبولینس پھنسی رہی.
ایمبولینس ڈرائیور کو مریض کو فوری اسپتال پہنچانے کے لیے مسلسل سائرن بجاتا رہا لیکن ریلی کے شرکا نے ایمبولینس کو راستہ نہیں دیا.
بعدازاں ریلی کے موقع پر ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے ایمبولینس کے لیے راستہ کلیئر کروایا.
واضح ہے کہ کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے کے موقع پر شہر کی مختلف شاہراہوں کو بند کردیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے.
جلسے کے باعث ٹریفک پولیس نے پہلے ہی ٹریفک پلان جاری کردیا تھا، گرومندر، یونیورسٹی روڈ آنے والے شہریوں کو متبادل راستے سے گزرنے دیا جارہا ہے.
ادھر شاہراہ فیصل پر بھی جمعیت علما اسلام (ف)، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی ریلی کے شرکا کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں.