انقرہ/واشنگٹن :امریکی میڈیا نے امید ظاہر کی ہے کہ ترک عدالت آج امریکی پادری کو رہا کردے گی، نامعلوم ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیان پادری کی رہارئی سے متعلق معاہدہ طے ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی خبر رساں و نشریاتی اداروں کی جانب سے ترکی میں گرفتار امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی جمعے کے روز عدالت میں سماعت کے بعد رہائی کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔
امریکا کے نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ پادری کی رہائی کے حوالے سے ’ہم بہت پُر امید ہیں‘ ترک عدالت آج پادری کو رہا کردے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترک حکام نے امریکی پادری کو جیل سے رہا ہونے کے بعد گھر میں نذر بند کیا ہوا تھا، اگر آج کورٹ میں پادری پر دہشت گرد تنظیموں سے تعلق کا الزام ظابت ہوگیا تو انہیں 35 برس قید کی سزا سنائی جائے گی۔
خیال رہے کہ سنہ 2016 میں حکومت مخالف تنظیموں سے تعلقات کے شبے میں اینڈریو براؤنسن کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ترکی اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کشدگی کے باعث دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر پابندیاں عائد کی اور نتیجے میں ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ہوشربا کمی واقع ہوئی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جمعرات کے روز امریکی خبر رساں ادارے دی واشنگٹن پوسٹ اور این بی سی نے کہا تھا کہ نامعلوم ذرائع سے موصول ہوئیں ہیں کہ امریکا اور ترکی کے درمیان پادری اینڈریو براؤنسن کو رہا کرنے کے لیے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کہ نائب صدر مائیک پینس نے صحافی سے گفتگو کے دوران معاہدے کے متعلق تصدیق نہیں کی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 اگست کو یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں، جس کے بعد ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ رہے کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔