کراچی : مصطفٰی کمال گروپ نے حیدرآباد کارخ کرنے کااعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے باغی رہنما انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ ہم اپنے ساتھیوں سے ملنے جلد حیدرآباد جائیں گے، یہ بات انہوں نے مصطفیٰ کمال ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ اڑھائی سال سے گورنرسندھ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ ہمارے آگے ہیں اور نہ ہی پیچھے، اگر ہوتےتوہمارے درمیان ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ہرپریس کانفرنس کامطلب وکٹیں گرانا نہیں ہوتا،لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہہ ڈالا کہ مزید وکٹیں گریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ حیدر آباد میں دفتر لے لیا ہے،اگلے ہفتے اندرون سندھ کا دورہ کرینگے اور تئیس مارچ کونئی پارٹی کے قیام کااعلان کیا جائے گا۔