پسنی(13 اکتوبر 2026): پسنی میں سمندری راستے کے ذریعے کی جانے والی منشیات کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنادی گئی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان کے ساحلی علاقے پسنی میں سمندری راستے کے ذریعے کی جانے والی منشیات کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر 72 کلوگرام آئس برآمد کر لی ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف نے مکران کے ساحلی علاقے پسنی میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں بیرون ملک اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 72 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ یہ منشیات پسنی کے ایک غیر آباد علاقے میں زمین کے اندر گڑھوں میں انتہائی چالاکی سے چھپائی گئی تھی۔
کارروائی کے دوران منشیات کی مبینہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی ایک اسپیڈ بوٹ (بشمول تین انجن) اور ایک ٹویوٹا پک اپ گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ منشیات افغانستان سے اسمگل کی گئی تھی، جسے اسپیڈ بوٹ کے ذریعے پسنی کے ساحل سے بین الاقوامی پانیوں کی طرف اسمگل کیا جانا تھا۔
اے این ایف کی بروقت اور موثر کارروائی کے نتیجے میں اسمگلنگ کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات سے منسلک اسمگلنگ کے پورے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔


