لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بذریعہ کارگو بیرون ملک نشہ آورگولیوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کارگو شپ پر موجود 32 کارٹنوں پر مشتمل کھیپ تحویل میں لی گئی، جن سے کل 825.78 کلو نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔
برآمد ہونے والی گولیوں میں ٹراماڈول، ویلیم اور ڈائزیپام شامل ہیں، جو مختلف اقسام کی منشیات تیار کرنے میں استعمال ہوتی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کھیپ نائیجیریا کے لیے بُک کرائی گئی تھی۔ اے این ایف نے ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


