گوادر(11 فروری 2026): اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1.2 ٹن منشیات برآمد کر لی ہے اور دو اسمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں برآمد شدہ منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 66.15 ملین امریکی ڈالر ہے۔ اے این ایف ایک بدنام زمانہ اسمگلر کی زیر سرپرستی چلنے والے اس نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی کر رہی تھی۔ حکام نے پنجگور اور تربت قومی شاہراہ پر ایک ٹرک کو روک کر اس کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کی۔
گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ یہ منشیات افغانستان سے اسمگل کی گئی تھی جسے گوادر سے ماہی گیر کشتیوں کے ذریعے خلیجی ممالک، یمن اور تنزانیہ اسمگل کیا جانا تھا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گروہ کے سرغنہ اور دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف حصوں میں 6 کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران 153.4 کلو منشیات برآمد کی گئی جس کی عالمی مالیت 1 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں کالج کے قریب کارروائی کر کے ملزم سے 7.7 کلو چرس برآمد کی گئی، جبکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قریب سے ایک ملزم کو 2 کلو چرس سمیت گرفتار کیا گیا۔ کراچی ناردرن بائی پاس پر ایک گاڑی سے 120 کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
پشاور میں رنگ روڈ کے قریب گاڑی سے 18 کلو چرس اور 1.3 کلو آئس برآمد ہوئی، جبکہ کرکٹ گراؤنڈ کے قریب ایک ملزم سے 2.4 کلو چرس برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ انڈس ہائی وے کوہاٹ کے قریب سے بھی ایک ملزم کو 2 کلو چرس سمیت گرفتار کیا گیا۔ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


