استنبول: ترکی کے شہر استنبول کی مارکیٹ کے باہر غصے سے بپھری بلی نے مردوں اور کتوں پر حملہ کردیا حیرت انگیز طور پر بلی نے خواتین اور بچوں پر اٹیک نہیں کیا۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ استنبول کے علاقے بیرام پاسا کے شاپنگ مال کے قریب ایک بلی خواتین اور بچوں کو چھوڑ کر مردوں اور کتوں پر حملہ کررہی ہے جبکہ شہری اس کو ہٹاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
مذکورہ علاقے کے رہائشی کا کہنا ہے کہ بلی عام طور پر بہت ہی نارمل ہوتی ہے سمجھ نہیں آیا وہ مردوں اور کتوں پر حملہ آور کیوں ہورہی ہے۔
پڑوسی علی ایدن کے مطابق بلی نے چند روز قبل ہی بچے دئیے ہیں اور اسے خطرہ ہے کہ شہری انہیں نقصان نہ پہنچائیں لہٰذا اپنے بچوں کو بچانے کے لیے وہ اس طرح کا عمل کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جنگلی بلی نہیں ہے وہ یہاں اکثر موجود ہوتی ہے اور ہم بلی اور اس کے بچوں کو غذا فراہم کرتے ہیں اور اس لیے گھر کے دروازے کھول دیتے ہیں۔
ایک اور شہری بیرل گین اسٹرک کا کہنا تھا کہ میں نے دیکھا کہ بہت سے لوگ اسے لاتیں ماررہے ہیں اور وہ اکثر مردوں اور کتوں پر اٹیک کررہی ہے ہو سکتا ہے بلی کسی صدمے سے دوچار ہے۔
ایسے یکسل کا کہنا تھا کہ میں نے بلی کو کسی خاتون پر حملہ کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔
رپورٹ کے مطابق استنبول میں آوارہ بلیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور تقریباً 30 ہزار بلیاں اس شہر میں موجود ہیں، سردی ہو یا گرمی یہاں کے رہائشی بلیوں کی دیکھ بال کرتے ہیں اور انہیں غذا فراہم کرتے ہیں