بدھ, جون 10, 2026
اشتہار

کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی سے تحقیقات کے لیے 3 الگ الگ تحقیقاتی کمیٹیاں قائم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (13 مئی 2026): انتہائی مطلوب کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی سے تحقیقات کے لیے تین الگ الگ تحقیقاتی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ہائی پروفائل منشیات گینگ کی سرغنہ انمول عرف پنکی سے تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے دو الگ الگ تحقیقاتی کمیٹیاں قائم کی ہیں اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایک تحقیقاتی کمیٹی ملزمہ سے منشیات، اسلحہ اور قتل مقدمات کی تفتیش کے لیے بنائی ہے، جو 6 اراکین پر مشتمل ہے۔

یہ کمیٹی ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ٹو کی سربراہی میں گارڈن اور بغدادی تھانوں کے مقدمات کی تفتیش کرے گی۔ اس کمیٹی میں ایس آئی یو، سی آئی اے اور ضلع افسران شامل ہیں۔

مذکورہ تحقیقاتی ٹیم کو تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تفتیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 15 دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

دوسری چار رکنی ٹیم ڈی آئی جی ساؤتھ زون کی سربراہی میں تحقیقات کی نگرانی کرے گی۔ یہ تحقیقاتی ٹیم تھانہ گارڈن اور تھانہ بغدادی میں درج سنگین مقدمات کی تفتیش کرے گی۔

اس تحقیقاتی ٹیم میں ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا، ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللہ سومرو، ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی اور ایس ایس پی سٹی سید علی حسن شامل ہیں۔

مذکورہ کمیٹی مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کرنے کی پابند ہوگی۔ تحقیقاتی کمیٹی اپنی تفتیش مکمل کر کے کے تمام شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کرنے کو یقینی بنائے گی۔

واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی سامنے آ گیا ہے۔ بغدادی تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق کوکین کوئن قتل کیس میں بھی نامزد ہے۔

دریں اثنا کراچی پولیس چیف کے حکم پر ایس ایس پی ساوٴتھ کی سربراہی میں بنائی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹیم نے معطل تین پولیس افسران اور دو لیڈی کانسٹیبلز سے بیانات لے لیے ہیں۔

اس بات پر بھی تحقیقات کی جائے گی کہ ملزمہ کو ہتھکڑی لگا کر اور چہرہ ڈھانپ کر عدالت کیوں نہیں لے جایا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گارڈن پولیس اسٹیشن میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملزمہ کو پولیس اسٹیشن میں کس انداز میں اور کہاں رکھا گیا اس کی بھی جانچ ہوگی۔

ملزمہ کا تھانے کے اندر افسران اور اہلکاروں کیساتھ رویہ کیسا تھا، یہ بھی رپورٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ کھوج لگایا جائے گا کہ گارڈن پولیس اسٹیشن کےاہلکاروں نےقواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کیوں کی۔

انمول پنکی کا گرفتاری سے قبل ہی اپنا جانشین مقرر کرنے کا انکشاف

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں