کراچی (18 مئی 2026): شہر قائد کے دو الگ الگ سنسنی خیز کیسز میں کئی ملتی جلتی چیزیں سامنے آ گئی ہیں، انمول پنکی اور ارمغان کیس میں بہ ظاہر کردار الگ الگ ہیں لیکن تفتیشی ذرائع بتاتے ہیں کئی مشترکہ پہلو سامنے آئے ہیں۔
کراچی میں منشیات کے بڑے نیٹ ورک چل رہے ہیں، حالیہ دنوں میں دو اہم کیسز میں منشیات کے حوالے سے بڑے انکشافات سامنے آئے ہیں، امغان کیس اور انمول عرف پنکی کیس بہ ظاہر دونوں ایک دوسرے سے مختلف ہیں، لیکن درحقیقت کئی پہلو ان میں یکساں ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق دونوں کیسز میں مبینہ طور پر بااثر حلقوں سے روابط، غیر معمولی طرزِ زندگی اور قانون سے بالاتر ہونے کا تاثر سامنے آیا ہے۔ دونوں کیسز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد اکٹھے کرنے، ڈیجیٹل ریکارڈ حاصل کرنے اور قریبی افراد سے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا تو کئی بڑے نام سامنے آئے۔
ارمغان کیس میں ادکاروں سے لے کر پارٹیز میں منشیات اسملگ کیے جانے کا انکشاف ہوا، جب کہ پنکی کیس میں نیٹ صرف کراچی نہیں بلکہ بڑے بڑے شہروں میں پھیلا ہوا ملا، ذرائع کے مطابق انمول پنکی نے بھی دوران تفتیش کیے بڑے نام ظاہر کیے، جنھیں منشیات فراہم کی جا رہی تھی، جن میں اداکار اور سیاست دانوں کے نام سرِ فہرست ہیں۔
انمول پنکی کو کوکین بنانے کا ماہر کس نے بنایا؟ سنسنی خیز انکشافات
ارمغان کیس ایک سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود زیر سماعت ہے، یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انمول پنکی کا کیس بھی اسی طرح طویل چلے گا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کیسز کی تحقیقات میرٹ پر جاری ہے اور کسی بھی ملوث شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
عدنان راجپوت اے آر وائی نیوز سے بطور کرائم رپورٹر وابستہ ہیں


