پیر, جون 15, 2026
اشتہار

انمول پنکی کی خفیہ ویڈیو منظرِ عام پر، سنسنی خیز طریقہ واردات بے نقاب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : انمول پنکی کے کسٹمر کی بنائی گئی خفیہ ویڈیو منظرِ عام پر آگئی ، جس میں انکشاف ہوا کہ پنکی کا نیٹ ورک غیر قانونی طور پر معروف آن لائن شاپنگ برانڈ کا نام اور بیگز بھی منشیات کی ترسیل میں استعمال کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈیفنس، کلفٹن جیسے پوش علاقوں اور تعلیمی اداروں میں آئس کی آن لائن فروخت میں ملوث بدنام زمانہ ملزمہ انمول عرف پنکی گینگ کے طریقہ واردات سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ گینگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچنے کے لیے معروف آن لائن شاپنگ برانڈز کے نام، ان کے آفیشل بیگز اور جعلی فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کا سہارا لے رہا تھا۔

کچھ ماہ قبل ایک کسٹمر کی جانب سے منشیات کی ڈیلیوری کے وقت بنائی گئی ایک خفیہ ویڈیو آج منظرِ عام پر آئی ہے، جس نے اس نیٹ ورک کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

ویڈیو کے پہلے حصے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک رائیڈر پارسل لے کر کسٹمر کو ڈیلیور کرتا ہے،بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ رائیڈر اس بات سے بالکل لاعلم ہے کہ اس پارسل کے اندر کیا چھپا ہوا ہے۔ وہ پارسل دینے کے بعد اپنی ڈیلیوری اجرت کے 500 روپے وصول کرتا ہے اور وہاں سے روانہ ہو جاتا ہے۔

ویڈیو کے دوسرے حصے میں جب کسٹمر اس پارسل کو کھولتا ہے، تو نامور آن لائن برانڈ کے بیگ کے اندر موجود ایک خفیہ پیکٹ سے بھاری مقدار میں ‘آئس’ برآمد ہوتی دیکھی جا سکتی ہے۔

ANMOL PINKY – LATEST NEWS AND UPDATES

ذرائع کا کہنا ہے کہ انمول عرف پنکی کا یہ گینگ کراچی کے پوش علاقوں میں ہونے والی نجی پارٹیوں کے علاوہ نامور تعلیمی اداروں (اسکولوں اور یونیورسٹیوں) کے طلبہ و طالبات کو بھی نشانہ بنا رہا تھا۔ اس ترسیل کو محفوظ بنانے کے لیے گینگ نے دوہرا طریقہ کار اختیار کر رکھا تھا:

انمول پنکی نے ایک معروف فوڈ ڈیلیوری ایپ کی یونیفارم سے بالکل ملتی جلتی یونیفارم تیار کروا رکھی تھی، جسے پہن کر اس کے اپنے کارندے کسٹمرز تک منشیات پہنچاتے تھے تاکہ نکے اور پولیس چیکنگ سے بچا جا سکے۔

کچھ کسٹمرز کو عام آن لائن رائڈ شیئرنگ یا کورئیر سروس کے رائیڈرز کے ذریعے پارسل بنا کر آئس بھیج دی جاتی تھی، اور رائیڈر کو عام سامان کا کہہ کر استعمال کیا جاتا تھا جبکہ کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی رسک یا نقد رقم کے پکڑے جانے کے خوف سے، گینگ کسٹمرز سے منشیات کی بھاری رقم ڈیلیوری سے پہلے ہی آن لائن بینکنگ یا ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے وصول کر لیتا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ملزمہ کی گرفتاری کے بعد اس ویڈیو اور ڈیجیٹل شواہد کو تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے کسٹمرز اور رائیڈرز کا سراغ لگایا جا سکے۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں