کراچی (15 مئی 2026): وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کے گاہکوں کی لسٹ ہمارے پاس آ چکی ہے۔
سندھ اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی مدد سے منشیات فروش انمول عرف پنکی گرفتار ہوئی، معاملے کی تحقیقات ہو جانے دیں حقائق سے ایوان کو آگاہ کروں گا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات ہمارے بچوں اور ہمارے گھروں میں منشیات آگئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے صوبے سے منشیات کا خاتمہ ہو، کم از کم یہ کہے دیں کہ دیر آئے درست آئے ہمیں اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنکی کے موبائل فون سے 869 نمبرز برآمد، کون کون شامل ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ انمول عرف پنکی کا گینگ پنجاب اور اسلام آباد میں بھی کام کر رہا تھا، ملزمہ کے گاہکوں کی لسٹ ہمارے پاس آ چکی ہے۔
قبل ازیں، سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے انکشاف کیا کہ انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک میں ہمارے کچھ ہیروز اور اداکار بھی ہیں لیکن جو بھی منشیات کے نیٹ ورک کی پشت پناہی کرے گا نہیں چھوڑیں گے۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنے والے کسی بھی بااثر شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا، انمول عرف پنکی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دن رات کی محنت کے بعد گرفتار کیا ہے۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ سندھ کو منشیات سے صاف کرنا ہمارا اولین مقصد ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت، خصوصاً فریال تالپور کی صدارت میں ہونے والے حالیہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق اور سخت ترین کریک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ کیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انمول عرف پنکی کے پیچھے چاہے کوئی بھی بااثر شخصیت ہو اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


