کراچی : سٹی کورٹ میں کمرہ عدالت میں کوکین ڈیلر انمول پنکی کسی ‘بابا’ نامی بندے کو تلاش کرتی رہی، جس کے بعد تفتیشی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ آخر یہ ‘بابا’ کون ہے؟
تفصیلات کے مطابق کراچی کی سٹی کورٹ میں کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کی پیشی کے موقع پر اس وقت ایک انتہائی دلچسپ اور پراسرار صورتحال پیدا ہو گئی، جب ملزمہ کمرہ عدالت میں کسی ‘بابا’ نامی شخص کو ڈھونڈتی رہی۔
Anmol Pinky – All News and Updates
عدالتی کارروائی کے دوران ملزمہ انمول عرف پنکی کمرہ عدالت میں موجود افراد کا مسلسل جائزہ لیتی رہی اور اسی دوران اس نے وہاں موجود ایک وکیل کے قریب جا کر سوال کیا، "کیا آپ کو بابا نے بھیجا ہے؟”
جب مذکورہ وکیل نے ملزمہ کے سوال پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی ‘بابا’ سے لاتعلقی ظاہر کی اور انکار کیا، تو انمول پنکی مزید بے چینی کا شکار دکھائی دینے لگی۔
وکیل کے منع کرنے کے باوجود وہ کافی دیر تک کمرہ عدالت میں ادھر ادھر نظریں دوڑا کر ‘بابا کے بندے’ کو ہی تلاش کرتی رہی۔
عدالت کے اندر پیش آنے والے اس عجیب و غریب واقعے کے بعد تفتیشی حلقوں اور قانونی ماہرین کے درمیان یہ نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ آخر یہ ‘بابا’ کون ہے؟
کیا یہ ‘بابا’ منشیات کے اس بین الصوبائی نیٹ ورک کا اصل ماسٹر مائنڈ ہے؟ یا پھر کوئی بااثر شخصیت ہے جو ملزمہ کو عدالت کے اندر کوئی پیغام پہنچانا چاہتی تھی؟
یاد رہے کہ اس سے قبل پنکی کے کوکین نیٹ ورک کے خریداروں کی فہرست میں 30 کے قریب سیاستدانوں کے نام بھی سامنے آ چکے ہیں۔


