لاہور (17 مئی 2026): ملک میں اچانک مشہور ہونے والی کوکین ڈیلر انمول پنکی کے خلاف لاہور میں پانچواں مقدمہ منظر عام پر آ گیا ہے۔
گجر پورہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے 2018 میں منشیات فروش نواز کو گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے 1100 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی، ملزم انمول عرف پنکی سے منشیات لے کر فروخت کرتا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے بیان دیا تھا کہ انمول پنکی ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ سے اسے منشیات فراہم کرتی تھی۔ واضح رہے کہ ملزمہ کے خلاف کوٹ لکھپت، وحدت کالونی، لیاقت آباد، اقبال ٹاؤن اور گجر پورہ میں مقدمات سامنے آ چکے ہیں۔
حیرت انگیز امر یہ ہے کہ لاہور میں پولیس نے ایک بھی مقدمے میں ملزمہ انمول پنکی کو گرفتار نہیں کیا، اور تفتیشی ٹیم نے ملزمہ کو کسی مقدمے میں اشتہاری قرار ہی نہیں دیا۔
پنکی کیس میں پولیس کو ایک اور اہم کامیابی مل گئی
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی عدالت نے منشیات کیس میں پنکی کا 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے قتل کیس میں ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کر دی، ملزمہ کو پیر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم گیا گیا، جب کہ عدالت نے دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ دے دیا ہے۔
بغدادی تھانے میں درج قتل کے مقدمے میں تفتیشی افسر نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تفتیشی افسر نے کہا ملزمہ منشیات کا بڑا نیٹ ورک آپریٹ کر رہی تھی، جاں بحق شخص کے پاس سے ملزمہ پنکی کی فراہم کردہ منشیات برآمد ہوئی، مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش ضروری ہے۔
افسر نے کہا ابتدائی شواہد بظاہر ملزمہ انمول پنکی کے خلاف ہیں، ملزمہ انتہائی شاطر ہے، پنجاب میں ڈی ایس پی سے شادی کی تاکہ کوئی مسئلہ نہ ہو۔ تین شادیاں کیں لیکن آج تک ریکارڈ نادرا میں موجود نہیں، ملزمہ کے موبائل سے 800 لوگوں کی فہرست ملی، ملزمہ کی نشان دہی پر منشیات بھی برآمد کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


