لاہور(18 مئی 2026): لاہور پولیس نے منشیات سپلائی کرنے والی ‘کوکین کوئین’ انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک اور اس کے اس مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کو اس کے سابق شوہر ناصر نے کوکین بنانے کا ماہر بنایا تھا، ناصر اپنے بھائیوں سمیت اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ملزم ناصر اپنے دو بھائیوں، منصور ایڈووکیٹ اور شہروز کے ہمراہ لاہور آیا تھا، جہاں تینوں بھائیوں نے مل کر پہلے گیسٹ ہاؤسز اور شراب کا کاروبار شروع کیا اور بعد میں ناصر نے اپنے دو بھائیوں، ایک دوست عرفان اور بہنوئی کے ساتھ مل کر کوکین کا باقاعدہ کاروبار شروع کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انمول اور اس کا سابق شوہر ناصر میاں بیوی کی حیثیت سے لاہور اور کراچی سمیت پورے پاکستان میں کوکین سپلائی کرتے تھے، تاہم بعد میں ناصر اپنے بھائیوں کے ہمراہ کوکین کا یہ کاروبار کراچی منتقل کر گیا تھا۔
تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ انمول عرف پنکی نے ایک سابق انسپکٹر رانا اکرم کے کہنے پر سال 2021 میں ناصر سے طلاق لے لی تھی۔


