ہفتہ, جون 6, 2026
اشتہار

کوکین ڈیلر انمول پنکی آگے کیا کرنے والی تھی؟ بڑا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : کوکین ڈیلرانمول عرف پنکی کے حوالے انکشاف ہوا کہ وہ اپنی نئی منشیات بھی لانچ کرنےوالی تھی اور فارمولا مکمل کر چکی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کوکین کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ انمول عرف پنکی مبینہ طور پر نئی منشیات متعارف کرانے کی تیاری میں مصروف تھی اور گزشتہ 3 ماہ سے اس پر کام جاری تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وقت وہ مبینہ طور پر نئی منشیات کا فارمولا مکمل کر چکی تھی۔

ذرائع نے مزید بتایا ملزمہ اپنی تیار کردہ مخصوص منشیات اور شراب استعمال کرتی تھی اور صرف اپنی ہی تیار کردہ برانڈ کو ترجیح دیتی تھی جبکہ اپنے ہاتھ کے تیار کردہ منشیات اور شراب کی شوقین ہے۔

مزید پڑھیں : پاکستان کی ‘ڈرگ کوئین’ کہلانے والی انمول پنکی کون ہے؟

ذرائع کے مطابق ملزمہ کا دعویٰ تھا کہ اس کی تیار کردہ پروڈکٹ جیسا کوئی اور مواد دنیا میں موجود نہیں۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ، اس حوالے سے حکام کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی کوکین ڈیلر انمول پنکی کو ایک ہفتہ پہلے وفاقی حساس ادارے نے نواب ٹاؤن لاہور سے گرفتار کیا تھا، ملزمہ پنکی کو حساس ادارے نے ڈیوائس لوکیٹر سے ٹریس کیا تھا، پنکی کے لاہور والے گھر سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی تھی۔

ملزمہ پنکی نے پنجاب پولیس کے سابق انسپکٹر سے دوسری شادی کر رکھی ہے، اس نے گھر کرائے پر لے رکھا تھا اور اسی گھر میں خود منشیات تیار کرتی تھی، پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ پنکی کا منشیات سپلائی کا پورا نیٹ ورک کراچی میں ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں