کراچی : پولیس نے ملزمہ انمول پنکی کے سہولت کاروں کےبینک اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت میں جمع کرادی، جس میں بتایا گیا کہ منشیات کی رقم کہاں کہاں سے آتی تھی اور کس کو منتقل کی جاتی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں منشیات سپلائی کرنے والی ‘کوکین کوئین’ انمول عرف پنکی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف منشیات کیس میں اہم ترین دستاویزی ثبوت سامنے آ گئے ہیں۔
پولیس نے ملزمہ کے سہولت کاروں کے بینک اکاؤنٹس کی سنسنی خیز تفصیلات عدالت میں جمع کرا دی ہیں، جس کی تفصیلی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کیا منشیات کی تمام رقوم کی منتقلی اور لین دین دو اہم سہولت کاروں ‘ذیشان’ اور ‘سہیل’ کے ذریعے کی جاتی تھی، ملزم ذیشان کے 3 مختلف بینکوں میں 5 اکاؤنٹس فعال تھے جبکہ دوسرے سہولت کار سہیل کے 2 مختلف بینکوں میں 2 اکاؤنٹس موجود تھے۔
یہ بینک اکاؤنٹس ذیشان اور سہیل خود آپریٹ کرتے تھے اور ان اکاؤنٹس میں وہ تمام تفصیلات اور ریکارڈ موجود ہے کہ منشیات کی رقم کہاں کہاں سے آتی تھی اور کس کو منتقل کی جاتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان بینک اکاؤنٹس کے ڈیٹا سے منشیات کے اس بڑے گینگ کے پورے نیٹ ورک، خریداروں اور دیگر سہولت کاروں کو بے نقاب کرنے میں مدد ملے گی۔


