لاہور : اے آر وائی نیوز نے کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کے لاہور کے گھر کا کھوج لگالیا، جہاں سے وہ ملک بھر میں منشیات کا نیٹ ورک چلا رہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی منشیات فروشی کے نیٹ ورک کی سرغنہ انمول عرف پنکی کی لاہور میں قائم خفیہ رہائش گاہ منظرِ عام پر آ گئی، ملزمہ لاہور کے پوش علاقے نواب ٹاؤن میں واقع ایک کرائے کے گھر سے ملک بھر میں منشیات کا کالا دھندا اور اپنا پورا نیٹ ورک چلا رہی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزمہ انمول عرف پنکی نے نواب ٹاؤن میں کرائے کے لیے اس مخصوص گھر کا انتخاب ایک منظم منصوبے کے تحت کیا، یہ گھر متعدد نجی یونیورسٹیز اور اسٹوڈنٹس ہاسٹلز کے بالکل قریب واقع تھا، جہاں سے مبینہ طور پر تعلیمی اداروں کے طلبہ اور طالبات کو منشیات سپلائی کی جاتی تھی۔
یاد رہے کہ ملزمہ نے گزشتہ دنوں کراچی کی عدالت میں دیے گئے اپنے بیان میں بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ اسے لاہور کے اسی گھر سے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔
ملزمہ کے گھر کے قریب رہنے والی ایک مقامی خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ اس سوسائٹی کے سخت قوانین ہیں اور تمام رہائشیوں کا ڈیٹا دفتر میں جمع کروایا جاتا ہے، لیکن اس گھر میں مشکوک سرگرمیاں جاری تھیں، گھر کے باہر کئی کئی روز تک بڑی گاڑیاں اور ڈالے کھڑے رہتے تھے، جبکہ اس گھر میں زیادہ تر نوجوان لڑکیاں رہائش پذیر تھیں جن کا آنا جانا لگا رہتا تھا۔
Anmol Pinky – All News in Urdu
ملزمہ پنکی کے اس خفیہ اڈے کا انکشاف ہونے کے بعد لاہور پولیس کی کارکردگی اور سیکیورٹی چیکنگ کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے۔
مقامی تھانے کو نہ تو اس ہائی پروفائل ملزمہ کی موجودگی کی کانوں کان خبر ہوئی اور نہ ہی کرایہ داری ایکٹ کے تحت تھانے میں کوئی کرایہ نامہ جمع کروایا گیا تھا۔
لاہور پولیس کی اس مجرمانہ غفلت کا فائدہ اٹھا کر ملزمہ طویل عرصے تک قانون کی ناک کے نیچے نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولتی رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت کراچی پولیس کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لاہور کے اس گھر پر چھاپہ مارا، تو وہاں تاحال لائٹس آن تھیں اور اندر کا تمام سامان بکھرا پڑا تھا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پولیس کارروائی انتہائی اچانک اور ہنگامی بنیادوں پر کی گئی جس سے ملزمہ کے نیٹ ورک کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔


